Tuesday, April 23, 2024

آئل ٹینکر عملہ اغوا اور ڈکیتی کے الزام میں گرفتار جمشید دستی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ

آئل ٹینکر عملہ اغوا اور ڈکیتی کے الزام میں گرفتار جمشید دستی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ
February 7, 2020
مظفر گڑھ (92 نیوز) آئل ٹینکر عملہ اغوا اور ڈکیتی کے الزام میں گرفتار جمشید دستی کو عدالت پیش کردیا گیا، عدالت نے جمشید دستی کے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ اور میڈیکل کرانے کا حکم دیدیا۔ پولیس کی جانب سے جمشید دستی سے تفتیش اور برآمدگی کے لیے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، جس پر عدالت نے جمشید دستی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ اور میڈیکل کرانے کا حکم دے دیا۔ جمشید دستی کو عدالت پیش کرنے کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی- پولیس نے وکلاء اور عوامی راج پارٹی کے رہنماؤں کو احاطہ عدالت میں داخلے سے روک دیا- جس پر وکلاء ، پولیس اور عوامی راج پارٹی کے کارکنوں کے مابین تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوتی رہی۔ پولیس نے جمشید دستی کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کیا تھا۔ مقدمہ میں جمشید دستی کے دو سابق گن مین، پولیس اہلکار اور پانچ دیگر ساتھی بھی نامزد ہیں- سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو طبی معائنہ کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کردیا گیا۔ جمشید دستی پر دوران ریمانڈ تشدد نہ کیا جائے جس کے لیے وکلاء نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔