Thursday, March 28, 2024

آئر لینڈ کے وزیر اعظم کی کورونا کیخلاف لڑنے کیلئے بطور ڈاکٹر دوبارہ رجسٹریشن

آئر لینڈ کے وزیر اعظم کی  کورونا کیخلاف لڑنے کیلئے بطور ڈاکٹر دوبارہ رجسٹریشن
April 6, 2020
آئر لینڈ ( 92 نیوز) آئر لینڈ کے وزیر اعظم لیو واردکر نے کورونا وائرس کیخلاف لڑنے کیلئے بطور ڈاکٹر دوبارہ رجسٹریشن کرالی ۔ آئر لینڈ کے وزیر اعظم لیو واردکر بھی کورونا وائرس کیخلاف میدان میں آگئے اور بطور ڈاکٹر  دوبارہ رجسٹریشن کرالی ، اکتالیس سالہ  لیو واردکار ہفتے میں ایک روز اسپتال میں  ڈیوٹی سر انجام دیں گے ، آئرش وزیر اعظم نے دو ہزار  تیرہ میں وزیر صحت بننے سے قبل  طبی شعبے سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی ۔ ادھر نیویارک کے چڑیا گھر میں شیر بھی وائرس کا شکار ہوگیا، امریکی بحری بیڑے کے برطرف کپتان میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔ نیویارک کے برونکس چڑیا گھر میں چار سالہ شیر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ چڑیا گھر میں موجود  دیگر شیروں میں بھی کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں ۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق  شیر کو کورونا وائرس  اُس کی دیکھ بھال پر مامور ملازم سے منتقل ہوا۔ امریکی بحری بیڑے تھیوڈور روزویلٹ کے برطرف کپتان بریٹ کروزیئر میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے  لیکن اُن کی حالت کے بارے میں واضح نہیں ہوا، بریٹ کروزیئر نے بحری بیڑے پر کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے پر اعلیٰ حکام کو خط لکھ کر فوری مدد کی اپیل کی تھی  ، خط لیک ہونے پر انہیں عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔ بیلجیئم میں کورونا وائرس کے باعث ملتوی کی جانے والی سالانہ سائیکل ریس  کا ورچوئل انعقاد کیا گیا، تنہائی  میں رہنے والے بارہ غیر کھلاڑیوں نے سائیکلوں کو ویڈیو گیم کیساتھ جوڑ کر  اس میں حصہ لیا، ریس کو ٹی وی پر براہ راست  بھی دکھایا گیا۔