Saturday, May 18, 2024

زیر و ٹیکس بجٹ کا اعلان کیا گیا لیکن اب منی بجٹ آ گیا، بلاول بھٹو

زیر و ٹیکس بجٹ کا اعلان کیا گیا لیکن اب منی بجٹ آ گیا، بلاول بھٹو
January 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے زیر و ٹیکس بجٹ کا اعلان کیا گیا لیکن اب منی بجٹ آ گیا۔

بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ٹیکسز کا طوفان نہیں سونامی آ رہا ہے۔ سلائی مشین پر بھی ٹیکس لگنے جا رہا ہے۔ کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ شہباز شریف مفت لیپ ٹاپ بانٹتے تھے، اس پر بھی حکومت نے ٹیکس لگا دیا۔ معاشی فیصلوں نے عوام کو تکلیف میں مبتلا کر دیا۔ حکومت کمزور پوزیشن میں آکر آئی ایم ایف کے پاس گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا پہلے ہی کہہ دیا تھا آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کمزور ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کا بوجھ عوام اٹھائینگے۔ مہنگائی ،بیروزگاری کی صورت میں عوام کو بوجھ اٹھانا پڑیگا۔ عوام کا معاشی قتل عام شروع ہو جائیگا۔  انہوں نے کہا حکومت نے ضد میں آکر اپوزیشن کیساتھ بات نہیں کی۔ حکومت اگر شہباز شریف، زرداری کی بات مانتے تو کیا حرج تھی۔ حکومت آئی ایم ایف کو کہہ سکتی تھی ہماری اپوزیشن کو شرائط منظور نہیں۔

بلاول بھٹو بولے حکومت ہر 2,3 ماہ بعد منی بجٹ کے آتی ہے۔ حکومت معاشی پالیسی میں کنفیوژن کا شکار ہے۔ حکومت کہتی تھی آئی ایم ایف نہیں جائینگے۔ حکومت نے آغاز میں غلط معاشی فیصلے کئے۔ حکومت مجبور ہو کر آئی ایم ایف کے پاس گئی۔