Friday, April 26, 2024

ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ساکھ کھودی تو جنرل انتخابات آپ دفن کر دینگے، شاہ محمود

ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ساکھ کھودی تو جنرل انتخابات آپ دفن کر دینگے، شاہ محمود
June 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ساکھ کھودی تو جنرل انتخابات آپ دفن کر دیں گے۔

منگل کے روز نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ 14 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت ملی ہے۔ ڈپٹی کمشنرز کو کہا گیا ہے اگر ہم ہارے تو تم یہاں نہیں ہو گے۔ رات کو افسران ووٹرز کو قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف بی آر کے کیسزکھولنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔ ہمارا ساتھ دینے کی حامی بھرنے والوں کے پاس ان کے لوگ پہنچ جاتے ہیں۔ ہمارے ساتھ سپیشل برانچ کا بندہ لگا دیا جاتا ہے، وہ کلپ بناتے ہیں۔ یونین کونسل لیول کے لوگوں کو اٹھا کر حمزہ شہباز سے ملوایا جا رہا ہے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن صرف الیکشن نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا مستقبل ہے۔ مزید بولے کہ تاریخ بتاتی ہے 1977 کے الیکشن میں چند سیٹیں حاصل کرنے کے لئے پورا الیکشن داؤد پر لگا دیا گیا، جس کے بھیانک نتائج سامنے آئے۔

ادھر دوسری جانب شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے فوری نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن پنجاب سے 24  گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت سے سخت کاروائی کی ہدایت کردی۔