Wednesday, April 24, 2024

ضمنی انتخابات، الیکشن کمشنر پنجاب نے شاہ محمود قریشی کے تحفظات مسترد کردئیے

ضمنی انتخابات، الیکشن کمشنر پنجاب نے شاہ محمود قریشی کے تحفظات مسترد کردئیے
June 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کے تحفظات مسترد کردئیے۔

پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات پر شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی۔

ذرائع کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی جانب سے بھجوائی رپورٹ میں شاہ محمود قریشی پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی نے ملتان ضمنی انتخابات میں اسکروٹنی کے دوران ریٹرننگ افسر پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ ان کے پرسنل سیکرٹری اور پی ٹی آئی کارکنان نے چوک شہباز سے اوورسائز بینرز اور پینا فلیکس اتارنے پر دھمکیاں دیں۔

رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا کہ شاہ محمود قریشی کے پاس وزیراعلیٰ، ڈی سی یا ڈی پی اوز کیخلاف ٹھوس ثبوت ہیں تو فراہم کریں۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی ہو گی،تمام نکات پر سختی سے عمل کروایا جائیگا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگائے تھے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن سے رپورٹ طلب کی تھی۔