Friday, April 19, 2024

ضمنی الیکشن، قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلی کے 3 حلقوں میں کل پولنگ

ضمنی الیکشن، قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلی کے 3 حلقوں میں کل پولنگ
October 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک میں ضمنی الیکشن کا میدان سجنے کو تیار ہے، قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلی کے 3 حلقوں میں پولنگ کل ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سامان کی ترسیل جاری ہے، پشاور، چارسدہ، مردان، فیصل آباد، کراچی، ملتان اور ننکانہ صاحب میں سامان منتقل کیا جانے لگا۔ پریذائیڈنگ افسران بیلٹ باکس، پیپرز اور اسٹیشنری کا سامان لینے میں مصروف ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے انچارج افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات بھی تفویض کردیئے۔ ضمنی الیکشن میں قومی کے آٹھ حلقوں میں سے سات میں عمران خان امیدوار ہیں۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں 237 ملیر اور 239 کورنگی میں ضمنی الیکشن ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلیں، دونوں حلقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل شروع ہوگئی ہے۔ دونوں سیٹیں تحریک انصاف کےاراکین کے استعفوں کی وجہ سےخالی ہوئی تھیں، این اے 237 ملیر کیپٹن جمیل احمد اور این اے 239 کورنگی محمد اکرم چیمہ مستعفی ہوئے تھے۔

ملتان میں این اے 157 میں ضمنی الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولنگ عملہ کو انتخابی سامان میں بیلٹس باکس، بیلٹ پیپر اور اسٹیشنری کا سامان تقسیم فراہم کر دیا گیا۔ پولنگ عملہ سامان لے کر اپنے اپنے پولنگ اسٹیشن پر روانہ ہو گیا۔ پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 چشتیاں میں سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔

این اے 157 میں مہر بانو قریشی اور علی موسیٰ گیلانی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ تحریک لبیک سمیت 8 امیدواروں کے درمیان جوڑ پڑے گا، جس کے لئے 264 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ عملہ کو پولنگ اسٹیشن تک سامان پہنچانے کے لئے گاڑیاں اور سکیورٹی بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ الیکشن کا عمل کل صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہے گا۔

خیبرپختونخوا کے تین حلقوں میں کل ہونے والے ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، این اے 31 پشاور میں کل 4 لاکھ 73 ہزار 180 ووٹر حق رائے دہی کا استعمال کریں گے یہاں 265 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جو سب کے سب حساس قرار دئیے گئے ییں۔ اس حلقے میں عمران خان کا مقابلہ عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور اور جماعت اسلامی کے اسلم خان کے ساتھ ہے۔

این اے 24 چارسدہ میں 5 لاکھ 26 ہزار 862 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جہاں 384 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ان میں 142 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 242 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ مردان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 4 لاکھ 71 ہزار 184 ہے جہاں 330 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے جن میں 238 انتہائی حساس اور 92 حساس قرار دے دئیے گئے ہیں۔ ان تمام پولنگ سٹیشنوں کے لئے انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں کے لئے سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس کے ساتھ فوجی دستے بھی تعینات کئے جائیں گئے۔

چشتیاں کے حلقہ پی پی 241 میں الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، انتخابی سامان کی ترسیل بھی شروع ہوگئی ہے۔ ضمنی الیکشن کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔