Saturday, May 11, 2024

ضمنی الیکشن کیلئے قانون نافذ کرنیوالے ادارے پوری طرح چوکس ہیں، رانا ثنا اللہ

ضمنی الیکشن کیلئے قانون نافذ کرنیوالے ادارے پوری طرح چوکس ہیں، رانا ثنا اللہ
July 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس ہیں۔

اتوار کے روز ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان کے انتظامات کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی میں بلاتاخیر ایکشن لیا جائے گا، تمام حلقوں میں اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی ہے، پابندی کی خلاف ورزی پر گرفتاری، اسلحہ ضبط اور لائسنس منسوخ ہو گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، عوام سے اپیل ہے وہ بلا خوف انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی درخواست پرسول آرمڈ فورسز کو تمام انتخابی حلقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ میں مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے جو انتخابی حلقوں میں سکیورٹی صورت حال کی مسلسل نگرانی کررہا ہے۔