Saturday, April 20, 2024

زمان پارک میں پولیس پر حملے،عمران خان اور دیگر کیخلاف مقدمات درج

زمان پارک میں پولیس پر حملے،عمران خان اور دیگر کیخلاف مقدمات درج
March 16, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - زمان پارک میں پولیس پر حملے، پتھراؤ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ پر عمران خان اور پارٹی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

زمان پارک لاہور میں پولیس آپریشن کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا معاملہ، مختلف شہروں میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

تھانہ ریس کورس لاہور میں عمران خان سمیت سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف چار مقدمات درج کر لیے گئے۔ دوران آپریشن پولیس وین کو توڑنے کا مقدمہ ایلیٹ فورس کے اہلکار شبیر حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ ٹریفک پولیس آفس جلانے کا مقدمہ ٹریفک آفیسر ظفر القدوس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایس ایچ او ریس کورس ریحان انور کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمے میں دہشت گردی سمیت 20 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں عمران خان اور دیگر رہنماؤں پر مجرمانہ سازش کی دفعہ بھی شامل ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں اور سیکڑوں کارکنوں نے عمران خان کی ایما پر سنگین جرائم کیے، کارکنوں نے پٹرول بم استعمال کیے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ مقدمے میں مسلح افراد کا غیرقانونی اکٹھ اور سمن وصولی سے انکار کی دفعات بھی شامل ہیں۔

چوتھا مقدمہ سلامت پورہ کے رہائشی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں عمران خان سمیت دیگر قیادت کو نامزد کیا گیا ہے۔

ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج اور توڑ پھوڑ پر6  ایف آئی آرز درج کر لی گئیں۔ راولپنڈی میں 51 جبکہ اسلام آباد میں 20 سے زائد کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

شہر قائد میں بھی احتجاج اور توڑ پھوڑ پر چار اضلاع میں 6 مقدمات درج کرلئے گئے۔ مقدمات میں سڑک بند کرنے، جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی، عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور بلوے کی دفعات شامل ہیں۔

زمان پارک لاہور میں ہنگامہ آرائی کے باعث 59 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، دو روز میں ہنگامہ آرائی کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے 18 سرکاری موٹر سائیکل اور6 عام شہریوں کی موٹر سائیکل جلائی گئیں۔