Saturday, April 27, 2024

ژوب میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، سپاہی شہید اور دو فوجی جوان زخمی، دہشتگرد ہلاک

ژوب میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، سپاہی شہید اور دو فوجی جوان زخمی، دہشتگرد ہلاک
December 25, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بلوچستان کے علاقے ژوب میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی حق نوازشہیداور دو فوجی جوان زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ژوب کے علاقے سمبازہ میں مصدقہ انٹیلی جینس اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے۔ علاقے کی مسلسل نگرانی کے بعد آپریشن کے نتیجے میں آج علی الصبح ایک دہشتگرد گروہ کی نشاندہی ہوئی۔

جب فرار کے تمام راستے بند ہوئے تو دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سپاہی حق نواز شہید جبکہ دو فوجی جوان زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد دہشتگردوں کی جانب سے بعض مشتبہ راستوں کے استعمال کو روکنا ہے۔ دہشتگرد سرحد پار سے بذریعہ پاک، افغان سرحد خیبرپختونخوا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہشتگرد ان راستوں سے داخل ہو کر شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ  سرحد پار سے دہشتگردوں کو ان کے سہولت کاروں نے فائرنگ کرکے مدد فراہم کی جبکہ بقیہ دہشتگرد عناصر کے مکمل صفائے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔