ریاض (اے پی پی) - سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرے کی تعداد متعین نہیں اور زائرین اپنی مرضی اور سہولت سے جتنی بار چاہیں عمرہ کر سکتے ہیں۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت حج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زائرین کے لئے عمرے کی تعداد متعین نہیں گئی اور زائرین اپنی مرضی اور سہولت سے جتنی بار چاہیں عمرہ کر سکتے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ وزٹ، سیاحتی یا ملازمت ویزا ہولڈرز کسی پابندی کے بغیر عمرہ کر سکتے ہیں۔ زائرین مملکت سے واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ وسائل بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔
فضائی راستے سے آنے والے بحری یا بری راستے سے بھی واپس جا سکتے ہیں۔ سعودی عرب آنے اور جانے کے سلسلے میں کسی بھی انرٹنیشل یا لوکل ایئرپورٹ کی پابندی نہیں ہے۔ کسی بھی ایئرپورٹ سے آمد ورفت کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے آن لائن ٹرانزٹ وزٹ ویزا سروس کا آغاز کیا ہےجس کا مقصد سعودی عرب آمد میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ ٹرانزٹ ویزے پر عمرے، مسجد نبوی کی زیارت، سیاحتی پروگراموں میں شرکت اور مملکت کے شہروں میں جانے کی سہولت ہو گی۔