Wednesday, April 24, 2024

ضابطہ اخلاق خلاف ورزی، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا

ضابطہ اخلاق خلاف ورزی، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا
September 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 چارسدہ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو این اے 24 چارسدہ میں بطور امیدوار نوٹس جاری کیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور کابینہ ارکان کیخلاف قانونی کارروائی پر غور شروع کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جلسوں میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس 19 ستمبر کو سیکرٹریٹ میں ہوگا، اجلاس میں وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان کیخلاف مناسب قانونی کارروائی پر غور کیا جائے گا۔