Thursday, May 2, 2024

یقین ہے پی ٹی آئی کی آخری حکومت ہے، سراج الحق

یقین ہے پی ٹی آئی کی آخری حکومت ہے، سراج الحق
March 5, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے یقین ہے پی ٹی آئی کی آخری حکومت ہے۔

فیصل آباد میں حکومت مخالف دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق بولے مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی کبھی بھی ملک کو بہتر نظام نہیں دے سکتے۔ بوٹ پالش کرنے والوں کو سیاسی لیڈر بنا کے ہمارے کندوں پر بٹھا دیا گیا۔ یہاں غریب کیلئے تعلیم کا نظام ناقص اور امیر کیلئے شاہانہ ہے۔ عدالتوں میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو کراچی سے خیبر تک تعلیم کا نظام ایک کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ایک کروڑ پر مشتمل آبادی اور سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے لیکن اس کے باوجود آج اس ظلمانہ نظام کی وجہ سے یہاں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سیوریج کا نظام تباہ حال ہے۔ چوریاں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں ہورہی ہیں۔ کئی حکومتیں آئیں اور چلی گئیں مگر اس شہر کو ہائی کورٹ بنچ نہیں دیا گیا۔ ڈیڑھ گھنٹے کے فاصلے پر لاہور میں اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس موجود ہے لیکن یہاں پبلک ٹرانسپورٹ تک دستیاب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج آٹا، چینی، چائے اور چاول سونے کے بھاؤ بک رہے ہیں۔ 70 لاکھ سے زائد نوجوان نشے کے عادی بن چکے ہیں۔ حکومت عوام کے انڈے اور مرغیاں بھی کھا گئی۔ اس وقت بھی اسلام آباد میں ایک شترنج کا کھیل جاری ہے۔ پاکستان کے اصل حکمران 22 کروڑ عوام ہیں۔