Thursday, April 25, 2024

یوسف رضا گیلانی سینیٹر برقرار رہیں گے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا

یوسف رضا گیلانی سینیٹر برقرار رہیں گے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا
April 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - یوسف رضا گیلانی سینیٹر برقرار رہیں گے۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی درخواستیں خارج کر دیں۔

الیکشن کمیشن سے بڑا فیصلہ آ گیا۔ سینیٹر یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف کی درخواستیں خارج کر دی گئیں۔

الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن جمیل کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو علی حیدر گیلانی کیخلاف کرپٹ پریکٹس کا مقدمہ درج کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کیخلاف براہ راست کوئی شواہد نہیں۔ اس کیس کے بارے میں حقائق ٹھیک پیش نہیں کیے گئے۔ کیس سے متعلق حقائق سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کیس کی 20 سماعتیں کیں۔ درخواست گزاروں کی جانب سے 12 بار التوا کی درخواستیں دائرکی گئیں۔ 5 اپریل  کو فیصلہ محفوظ کیا۔ مختلف فورمز پر کہا گیا کہ ایک سال سے فیصلہ محفوظ ہے۔ ان کیلئے شاید ایک ماہ ایک سال کے برابر ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور عالیہ حمزہ نے درخواستیں دائر کی تھیں۔