Saturday, April 20, 2024

یورپی یونین کی روسی تیل پر پابندی کی خبروں سے تیل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ

یورپی یونین کی روسی تیل پر پابندی کی خبروں سے تیل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ
March 22, 2022 ویب ڈیسک

ایمسٹرڈیم (92 نیوز) - یورپی یونین کی روسی تیل پر پابندی کی خبروں سے تیل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔

سعودی آئل ریفائنری پر حملے اور یورپی یونین کی طرف سے روسی تیل کی درآمد بند کرنے پر غور کی خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو پھر آگ لگ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 9 ڈالر مہنگا ہو گیا جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 118 ڈالر پر پہنچ گئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 8 ڈالر اضافہ سے 114 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونا بھی مہنگا ہو گیا۔ سونے کی قیمت 10 ڈالر اضافہ سے ایک ہزار، 940 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ پلاڈیئم 44 ڈالر مہنگا ہوا جس کے بعد اس کی فی اونس قیمت 2 ہزار، 581 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

ملائیشین پام آئل کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ فی ٹن ملائیشین پام آئل مزید 30 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد ایک ہزار، 485 ڈالر کا ہو گیا۔

امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس 200 پوائنٹ گر گیا جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس میں 55 پوائنٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔