Thursday, March 28, 2024

یورپ پانچ سو سال کی بدترین خشک سالی کا شکار

یورپ پانچ سو سال کی بدترین خشک سالی کا شکار
August 24, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - یورپ پانچ سو سال کی بدترین خشک سالی کا شکار ہو گیا۔

گلوبل ڈراؤٹ آبزرویٹری کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق برِاعظم یورپ کے 47 فیصد علاقے میں زمین بالکل خشک ہو گئی۔ خشک سالی سے  اٹلی، سپین، پرتگال، فرانس، جرمنی، ہالینڈ، بیلجیئم، لکسمبرگ، رومانیہ، ہنگری، شمالی سربیا، یوکرین، مالدووا، آئرلینڈ اور برطانیہ شدید متاثر ہیں۔ 17 فیصد علاقے ایسے ہیں جہاں گھاس اور سبزے کے متاثر ہونے کی علامت ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ فرانس میں جھیلیں خشک ہونے سے کشتیاں پھنس گئی ہیں۔

یورپ میں  دریا خشک ہونے سے  بجلی کی پیداوار میں 20 فیصد کمی آ گئی ہے۔ دریاؤں  میں پڑے قدیم پتھر نمودار ہونا شروع ہو گئے جن پر ماضی میں آئی قحط سالی کے حوالے سے تحریریں درج ہیں۔

رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اس خشک سالی سے جنگلوں میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو گا۔ فصلوں کی پیداوار پر بھی برا اثر پڑے گا جس سے مکئی کی پیداوار میں 16، سویابین کی پیداوار میں15 اور سورج مکھی کی پیداوار میں 12فیصد تک کمی آسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یورپ کے کئی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال سال بھر سے برقرار ہے جس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔