Thursday, April 25, 2024

یوم شہدائے پولیس جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

یوم شہدائے پولیس جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے
August 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - یوم شہدائے پولیس آج جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، سی ٹی او لاہور منتظر مہدی سمیت پولیس  افسران   نے شہید ڈی آئی جی سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ  خوانی کی۔ شہید پولیس افسر کی قبر پر حاضری دینے والوں میں شہید کی والدہ اور دیگر عزیزو اقارب بھی شامل تھے۔ لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی دی۔

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی  نے اپنے پیغام میں کہا وطن عزیز پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پولیس شہدا کی فیملیز، والدین اور بچوں کا پوری طرح سے خیال رکھا جائے گا۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس کے 1500 سے زائد بہادر شہداء نے امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر تمام ٹریفک سیکٹرز میں شہداء پولیس کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء پولیس کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے  "یوم شہدائے پولیس" پر خصوصی دستاویزی فلم جاری کی گئی ۔ دستاویزی فلم میں راہ حق میں جان نچھاور کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔