Friday, April 26, 2024

یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جی ایچ کیو اور پاکستان آرمی کی فارمیشنز میں قومی پرچم لہرایا گیا

یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جی ایچ کیو اور پاکستان آرمی کی فارمیشنز میں قومی پرچم لہرایا گیا
August 14, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جی ایچ کیو اور پاکستان آرمی کی مختلف فارمیشنز میں قومی پرچم لہرایا گیا۔ ملک و قوم کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے جاری کردہ پیغام میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے عظیم پاکستانی قوم کو آزادی کی مبارکباد دی، کہا عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان، پاکستان زندہ باد۔

پاکستان کی پچھترویں یومِ آزادی کے موقع پر الصبح وفاقی دارلحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارلحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

جی ایچ کیو اور پاکستان آرمی کی مختلف فارمیشنز میں نماز فجر کے وقت ملک میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں جبکہ قومی پرچم لہرایا گیا۔

پرچم کشائی کی مرکزی لیکن سادہ اور پر وقار تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ سینئر افسران، جوانوں اور سویلین نے بھرپور شرکت کی جبکہ اسلام آباد شکر پڑیاں میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

کوئٹہ، کراچی، لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، منگلا، پشاور اور دیگر کور ہیڈکوارٹرز میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات ہوئی۔ ملک و قوم کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔

پاکستان، بھارت کارگل جنگ 1999ء کے ہیرو حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے آبائی گاؤں غذر میں شہید کی یادگار پر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل جواد احمد نے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی۔