لاہور (92 نیوز) - چھہترواں یوم آزادی کا جشن منانے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی، شہر شہر اسٹالز پر بچوں اور بڑوں کا رش بڑھ گیا۔
ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں پر سب ہلالی پرچم لہرانے لگے، یوم آزادی سے قبل ہی عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں یوم آزادی ملی جوش وجذبے سے منانے کی تیاریاں عروج پر ہیں، اسٹالز پر قومی پرچموں، آرائشی سامان کی بھرمار، خریداروں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔ جگہ جگہ قومی پرچم والے ملبوسات، کیپس، بینڈز، چوڑیاں اور اسٹکرز کے اسٹالز سج گئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، آزادی کی ملنے والی نعمت کی خوشیاں بھرپورانداز میں منائیں گے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ جوں جوں 14 اگست قریب آرہا ہے، پرچموں، ملبوسات اور آرئشی سامان کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب یوم آزادی پر گریٹر اقبال پارک میں فائر ورکس کی مرکزی تقریب کے سلسلے میں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
کمشنرلاہور کا کہنا تھا کہ گریٹر اقبال پارک میں 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب رات 12 بجے شاندار فائر ورکس کیا جائے گا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن آزادی کے حوالے سے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جیپ ریلی، شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاٸے۔