Saturday, July 27, 2024

یوم آزادی کا جشن کل بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں، ملک میں ہر سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار

یوم آزادی کا جشن کل بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں، ملک میں ہر سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار
August 13, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - 76 ویں یوم آزادی کا جشن کل بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، ملک میں ہر سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔

شہر شہر  لگے اسٹالز سے بچوں اور بڑوں نے اپنی من پسند اشیا لے لیں، ہر ایک کا جوش دیدنی ہے، خیبرپختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، پشاور، شمالی و جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، سوات اور دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات جبکہ کھیلوں کے مقابلوں میں عوام اور نوجوانوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔

ادھر گورنرسندھ کامران ٹیسوری 76واں یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منا نے کیلئے پرعزم ہیں، کہتے ہیں کل ہم لاکھوں پرچم تقسیم کرینگے۔۔
یہ بھی کہا کہ ایک لاکھ بھارتیوں نے قومی ترانا پڑھنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ہم اس سے بھی بڑی تعدا د میں قومی ترانا پڑھ کر اپنا نام گینس بک میں درج کرائیں گے۔ میئر کراچی شہر بھر میں قومی پرچم لگوانے کی ہدایت کردی۔

جشن آزادی کی مناسبت سے لائن آف کنٹرول پر واقع وادی لیپہ میں یوتھ میلے کا افتتاح کردیا گیا ،افتتاحی تقریب آرمی پبلک سکول لیپہ میں منعقد کی گئی ۔میلے میں روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ کشمیر کی تہذیب اور ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ رسہ کشی، والی بال اور جیپ ریلی یوتھ میلے کا حصہ ہوں گے، میلے کا دوسرا دن شہدا کے لواحقین اور غازیوں کے ساتھ منایا جائے گا۔

جشن آزادی کی مناسبت سے خیبر پختونخوا حکومت اور پاک فوج کے اشتراک سے پشاور سے 4 بائے 4 جیپ ریلی نے سفر کا آغاز کرلیا، ریلی پشاور سے براستہ بنوں اورزمک جنوبی وزیرستان میں گومل زام پہنچے گی۔

ریلی میں ملک بھر سے 60 سے زائد جیپ اور 15 موٹر سائیکل حصہ لے رہے ہیں۔ یوم آزادی کی مناسبت سے کل گومل زام ڈیم کے مقام پر 7 کلومیٹر ٹریک پر جیپ ریس کا اہتمام کیا جائے گا۔ ریلی کا مقصد جشن آزادی کے موقع وطن سے محبت کا پیغام دینا ہے۔

یوم ازادی بھرپور طریقے سے منا نے کیلئے کوئٹہ میں بھی تیاریوں مکمل کر لی گئیں ، شہر بھر میں، پبلک پارکوں، بلوچستان اسمبلی سمیت اہم سرکاری و نجی عمارتیں بھی سبز ہلالی پرچم اور رنگ بہ رنگ برقی قمقموں سے جگمگا رہی ہیں۔ ان حسین اور دلکش مناظر نے شہریوں میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کردیا ہے۔