Friday, April 26, 2024

یوکرینی صدر زیلینسکی نے انخلا کی امریکی پیش کش ٹھکرا دی

یوکرینی صدر زیلینسکی نے انخلا کی امریکی پیش کش ٹھکرا دی
February 26, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے انخلا کی امریکی پیش کش ٹھکرا دی۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے کہا اسلحے کی ضرورت ہے، فلائٹ کی نہیں، آخری دم تک ریاست کا دفاع کریں گے۔

صدر زیلنسکی نے ٹویٹر پیغام میں لکھا فرانس سے ہتھیار اور سازوسامان جلد پہنچ جائے گا، دیگر اتحادیوں نے بھی اسلحہ، عسکری مدد اور میڈیکل سپلائی دینے پر اتفاق کیا۔

یوکرین کی تازہ صورتحال پر نیٹو کا اہم اجلاس بھی آج ہوگا، یوکرین کو فضائی دفاعی نظام سمیت ہتھیاروں کی فراہمی کا اعلان متوقع ہے۔

اس سے قبل یوکرینی صدر زیلنسکی نے رات گئے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا روس چند گھنٹوں میں دارالحکومت کیف پر حملہ آور ہو جائے گا۔ دشمن اپنے تمام وسائل کا استعمال کر کے ہماری مزاحمت توڑنے کی کوشش کرے گا۔ وقت ہمیں ثابت قدم رہنا ہو گا۔

دوسری جانب ترجمان یوکرینی صدر نے امن کی امید بھی دلا دی، کہا روس اور یوکرین امن مذاکرات کیلئے جگہ اور وقت کا تعین کر رہے ہیں۔

قبل ازیں ولادیمیر زیلینسکی کا کہنا تھا نیٹو نے خود کو بچانے کیلئے ہمیں تنہا چھوڑ دیا۔ سب ڈرے ہوئے ہیں، ہمارے لیے جنگ میں جانے کو کوئی تیار نہیں۔ یوکرینی صدر نے یوکرائن میں 60 سال تک کے شہریوں کو فوج میں شامل ہونے کا حکم بھی دیدیا۔