Monday, May 6, 2024

یوکرین پر روسی حملے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے

یوکرین پر روسی حملے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے
February 25, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) یوکرائن پر روسی حملے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ روس کے اپنے شہریوں نے پوتین کے اقدام کے خلاف آواز بلند کر دی۔

یورپی شہریوں نے یوکرائن کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی اور روسی حملوں کی مذمت کی۔ لندن، پیرس، برلن کی اہم شاہراہوں پر ہزاروں افراد نے یوکرائن کے جھنڈے اور بینرز اٹھا کر مارچ کیا۔ امریکی شہر نیویارک میں بھی شہریوں نے حملوں کی مذمت کی اور روس کو جنگ سے روکو، پابندیاں لگاؤ کے نعرے لگائے۔

یوکرائن پر حملے کےخلاف روس کے اپنے اندر سے بھی آوازیں اٹھنے لگیں۔ سینکڑوں افراد نے ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں صدر پوتین کےخلاف احتجاج کیا۔ پولیس نے 1700 مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

ادھر یوکرائن سے لوگوں کا انخلا جاری ہے۔ سڑکوں پر شدید رش دیکھا جارہا ہے۔ بمباری سے خوفزدہ بہت سے افراد نے دارالحکومت کیو کے انڈرگراؤنڈ اسٹیشنز میں پناہ لے لی ہے۔

یوکرائن نے اپنے ملک کے 18 سے 60 سال تک کے شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگا دی ہے۔ ان افراد کو 90 روز کیلئے فوج میں بھرتی کیا جائے گا جبکہ ریٹائرڈ ہونے والے فوجیوں کو بھی واپس بلایا جارہا ہے۔