Wednesday, April 24, 2024

یوکرین پر روس کے حملے نے خام تیل کی قیمتوں کو آگ لگا دی

یوکرین پر روس کے حملے نے خام تیل کی قیمتوں کو آگ لگا دی
March 2, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - یوکرین پر روس کے حملے نے خام تیل کی قیمتوں کو آگ لگا دی۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں دس ڈالر سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔

یوکرین جنگ کے منفی اثرات سامنے آنے لگے۔ خام تیل 11 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ برطانوی برینٹ خام تیل ٹریڈنگ کے دوران 111 ڈالر فی بیرل کی سطح بھی عبور کر گیا۔ امریکی ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 5 فیصد اضافے کے بعد 109 ڈالر فی بیرل سے بڑھ گئی۔

صورتحال کے پیش نظر بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے رکن ممالک نے تیل کی سپلائی بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ رکن ممالک اپنے اسٹاک میں پڑے خام تیل سے 60 ملین بیرل تیل ریلیز کریں گے۔

یوکرین جنگ کئی ممالک کی اسٹاک ایکسچیجز کو بھی لے ڈوبی۔ امریکی ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس 600 پوائنٹ گر گیا۔ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس میں 219 پوائنٹ کی کمی ہوئی۔ یورپی منڈیوں میں بھی مندی کا رجحان رہا۔ شنگھائی اور ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینجز میں بھی ایک فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ سونے کی فی اونس قیمت میں 3 ڈالر اضافہ سے ایک ہزار، 946 ڈالر پر پہنچ گئی۔ پلاٹینم فی اونس 4.60 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد ایک ہزار، 56 ڈالر کا ہو گیا جبکہ پلاڈئیم کی فی اونس قیمت میں47 ڈالر کا اضافہ ہوا۔ پلاڈئیم کی فی اونس قیمت بڑھ کر 2585 ڈالر ہو گئی۔

عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔ صرف ایک روز میں فی ٹن پام آئل 342 ڈالر اضافہ سے 1948 ڈالر کا ہو گیا۔

عالمی مارکیٹ میں گندم کی فی ٹن قیمت 9 فیصد اضافے سے 350.75 یورو ریکارڈ کی گئی جبکہ مکئی کی فی بشل قیمت 6 فیصد اضافے سے 7.40 ڈالر ہو گئی۔