Saturday, May 18, 2024

یوکرین پر گرفت کمزور، روسی افواج خارکیف میں ایزیم کے علاقے سے نکل گئیں

یوکرین پر گرفت کمزور، روسی افواج خارکیف میں ایزیم کے علاقے سے نکل گئیں
September 11, 2022 ویب ڈیسک

خارکیف /ماسکو (92 نیوز) - روس کی یوکرین میں گرفت کمزور پڑنے لگی، روسی افواج خارکیف میں ایزیم کے علاقے سے نکل گئیں جبکہ روسی فوج نے مائیکولیف میں فوجی رڈار اسٹیشن تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

روس کی شمال مشرقی یوکرین میں گرفت کمزور پڑ گئی، یوکرین کی افواج قبضہ کے قریب پہنچ گئیں، خبرایجنسی کے مطابق روسی افواج صوبہ خارکیف میں ایزیم کے علاقے سے نکل گئیں۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوجیوں کو جنگی حکمت عملی کے تحت نکالا گیا ہے، ڈونیٹسک میں کارروائیوں کے لئے روسی افواج کو ارد گرد کے علاقوں سے بلایا گیا۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوج نے مائیکولیف میں یوکرینی فوج کا ٹریکنگ رڈار اسٹیشن تباہ کردیا۔

ادھر یوکرین کی فوج نے مشرقی علاقوں میں کامیابیوں کا دعویٰ کیا ہے، ترجمان یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ مشرقی قصبے پیانسک کو روسی قبضہ سے آزاد کرالیا، حالیہ دنوں میں دو ہزار مربع کلو میٹر رقبہ کو آزاد کرالیا۔

یوکرینی وزیرخارجہ نے کہا روس کو شکست دے سکتے ہیں مغرب مزید اسلحہ فراہم کرے۔

دوسری جانب جرمن وزیرخارجہ نے یوکرین جنگ کے بعد دوسری مرتبہ کیف کا دورہ کیا، اینالینا بیربو نے کہا جرمنی یوکرین کی حمایت جاری رکھے گا، روس کی انرجی بلیک میلنگ کے باوجودمشرقی یورپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔