Friday, April 19, 2024

یوکرین میں تھیٹر دھماکے سے اڑا دیا گیا

یوکرین میں تھیٹر دھماکے سے اڑا دیا گیا
March 17, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - یوکرین میں تھیٹر دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ حکام کے مطابق تھیٹر میں بارہ سو افراد موجود تھے۔

عارضی جنگ بندی کے باوجود یوکرین پر روسی حملے جاری ہیں۔ کیف میں دو عمارتوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ جنوبی شہر اوڈیسا اور زپوریزیا بھی دھماکوں سے گونج اٹھے۔ ایک دھماکا شہر کے ریلوے اسٹیشن پر ہوا۔ چیہرنیو شہر پر حملے میں بھی 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ماریوپول میں تھیٹر کو ایک طاقتور بم سے اڑا گیا دیا۔ یوکرینی وزارت خارجہ کے مطابق تھیٹر میں 1200 شہریوں نے پناہ لی ہوئی تھی تاہم جانی نقصان کے حوالے سے ابھی تک کوئی اطلاعات سامنے نہیں آسکیں۔

یوکرین نے روسی فورسز کی تحویل میں موجود ماریوپول کے میئر کی رہائی کے بدلے  9روسی فوجیوں کو چھوڑ دیا۔ آئیوان فیڈیروف نے روس کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔

عالمی عدالت انصاف نے روس کو فوری طور حملے روکنے کا حکم دیا ہے تاہم روسی صدر کا کہنا ہے کہ روس کو دبا کر رکھنے کی طویل المدتی مغربی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ یوکرین میں آپریشن جاری رہے گا۔

ادھر امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران پہلی بار روسی صدر پیوٹن کو ’جنگی مجرم‘ قرار دے دیا۔

دوسری طرف روسی صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ جوبائیڈن کا بیان ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا خود دنیا میں لاکھوں انسانوں کا قاتل ہے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امریکی کانگریس سے ورچوئل خطاب میں مزید اسلحہ اور امداد مانگ لی۔ ساتھ ہی امریکا سے یوکرین کو نوفلائی زون قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

یوکرینی صدر کے مطالبہ پر امریکی صدر نے 800 ملین ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان کر دیا جن میں طیارہ شکن نظام، اسٹنگر میزائل اور جدید ترین ڈرون بھی شامل ہیں۔