Friday, March 29, 2024

یوکرین میں روسی حملوں میں شدت، کیف اور خارکیف دھماکوں سے گونج اٹھے

یوکرین میں روسی حملوں میں شدت، کیف اور خارکیف دھماکوں سے گونج اٹھے
February 28, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو/ کیف (92 نیوز) یوکرین میں روس کے حملوں میں شدت آگئی، کیف اور خارکیف دھماکوں سے گونج اٹھے، گلی محلوں میں جنگ جاری ہے۔ 

روسی فوج پہلا حملہ پسپا کئے جانے کے بعد دوبارہ خار کیف میں داخل ہوگئی، شہر کی اہم بندرگاہ پر قبضہ کرلیا، دیگر دو شہروں خارسن اور برڈیانسک کا بھی محاصرہ کرلیا۔

روسی ٹینک یوکرینی پارلیمنٹ سے صرف چند کلومیٹر دور تک پہنچ گئے، لوگوں کے انخلاء کے راستے بھی بند کردیئے گئے۔ فضائی حملے جاری ہیں، دارالحکومت کیف تھوڑی تھوڑی دیر بعد دھماکوں سے گونج رہا ہے۔

روسی صدر پیوٹن نے نیوکلیئرفورس کو بھی الرٹ کردیا، یورپی یونین سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی بھی دے ڈالی، یوکرین کے صدر نے برطانوی وزیراعظم کو اگلے 24گھنٹے اہم ہونے بارے آگاہ کردیا۔

روس کی نیوکلیئر فورس کو الرٹ کئے جانے کے بعد امریکا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی آج طلب کرلیا گیا ہے۔

یورپی یونین نے روسی مسافر طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی ہے، جبکہ جرمن اور نیدرلینڈ کی ایئرلائنز نے روس کیلئے اپنی تمام پروازیں بند کردی ہیں۔

آسڑیلیا نے روس پر سفری اور اقتصادی پابندیوں کا اطلاق کردیا جبکہ اسلحہ بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، کینیڈا اور سویڈن نے بھی اسلحہ اور امداد یوکرین بھیجنے کا اعلان کردیا۔ ترکی نے بھی بحیرہ اسود میں روسی بحری جہازوں کا داخلہ بند کرنے کا اشارہ دے دیا۔

مغربی ممالک کی پابندیوں کے بعد روسی بینکوں میں سرمائے کی کمی دیکھی جارہی ہے، روبل کی قدر 20 فیصد تک گر گئی ہے، 85 روبل ایک ڈالر کے برابر ہوگئے، برٹش پٹرولیم کمپنی نے روسی سرکاری آئل کمپنی کے ساتھ اپنی 30 سالہ شراکت ختم کردی ہے، جس کے بعد نیفٹ کے شیئرز کی قیمت 20 فیصد گرگئی۔

ادھر یورپی یونین نے یوکرینی مہاجرین کو 3 سال تک پناہ کی اجازت دینے پراتفاق کرلیا ہے، جرمن وزارت داخلہ کے مطابق یوکرینی مہاجرین کو پناہ کیلئے درخواست دینے کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔