Wednesday, May 1, 2024

یوکرین: پاکستانی طلبا کو سفارتخانے نے بے یارو مدد گار چھوڑ دیا

یوکرین: پاکستانی طلبا کو سفارتخانے نے بے یارو مدد گار چھوڑ دیا
February 27, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) یوکرین میں پاکستانی طلبا کو سفارتخانے کے عملہ نے بے یارو مدد گار چھوڑ دیا۔ 

سفارتی عملے کی بدترین نااہلی سامنے آگئی، 500 سے زائد طلبا کو پولینڈ کی سرحد پر بلا کر سخت سردی اور کھلے میدان میں بغیر آسرا چھوڑ دیا۔

یوکرین میں پھنسے سوات کے طالب علم مہران سید کے مطابق 200طلبا ابھی بھی بے یارومددگار ہیں، کچھ طلبا ہوسٹلز اور کچھ میٹرو اسٹیشن میں پھنسے ہیں، طلبا کا کہنا ہے کہ وہ 3 دن سے بھوکے پیاسے ہیں۔

اسی طرح یوکرین میں پھنسے سانگلہ ہل کے طالب علم نے اپنے ویڈیو پیغام میں بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستانیوں کی مدد کریں۔

ایک طالب علم کا کہنا ہے کہ 30 کلومیٹر پیدل چلے لیکن سفارت خانے نے کوئی مدد نہیں کی، اب بھی بے یارومدد گار ہیں، طلبا نے وزیراعظم پاکستان سے مدد کی اپیل کی ہے۔

اسے سے زیادہ دردناک رویہ یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے کا ہے، جس نے جنگ زدہ علاقے سے سرحد تک پہنچانے کے لیے بس کا انتظام کیا، لیکن جیسے ہی پاکستانی طلباء سے سفارتخانہ کی تعریف پر مبنی ویڈیوز بنا کر بس میں بٹھے تو عملہ غائب ہو گیا، بس ڈرائیور نے بچوں کو پولینڈ سے 30 کلومیٹر دور اتار دیا۔

بس بدر ہونے والی طالبات نے نئی ویڈیو میں سفارتخانے کے عملے کا پول کھول دیا، طلبا کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ سفارتخانے والوں نے دھوکہ کیا، یہاں پر شام ہونے والی ہے، شام کو بارڈر بند ہو جاتا ہے۔