Saturday, April 20, 2024

یوکرین میں روسی کارروائیاں، خارکیف حملے میں 7 افراد ہلاک، 34 زخمی

یوکرین میں روسی کارروائیاں، خارکیف حملے میں 7 افراد ہلاک، 34 زخمی
April 4, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - یوکرین میں روسی کارروائیاں جاری ہیں، خارکیف پر حملے میں 7 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے۔ کیف نواحی قبصہ میں اجتماعی قبر سے 57 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

روس نے میزائل حملے میں پولٹاوا میں واحد یوکرینی آئل ریفائنری کو تباہ کردیا، جبکہ اوڈیسا میں یوکرینی فوج کو تیل سپلائی کرنے والے 3 ڈپو بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔

ادھر کیف کے نواحی قصبے بوچا میں ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے، جس میں 57افراد کی لاشیں موجود ہیں۔ یوکرینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روس نے قتل عام کیا، جس کے اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ یوکرین نے عالمی عدالت انصاف سے بھی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

جرمن چانسلر اولاف شلز اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی اجتماعی ہلاکتوں کی مذمت کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مبینہ ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاہم روس نے قتل عام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاشوں کی تصاویر کیف حکومت اور مغربی میڈیا کی اختراع ہے۔

امریکا نے دھمکی دی ہے کہ صدر پیوٹن کو بوچا میں مظالم کا جواب دینا ہوگا، ترجمان محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ روس پر بہت جلد مزید پابندیاں لگائیں گے۔

ادھر سلواکیہ نے روس کو گیس کی ادائیگی روبل میں کرنے پر آمادگی ظاہر کردی، سلواکیہ کے وزیراقتصادیات رچرڈ سالک کے مطابق ہم 85 فیصد گیس روس سے خریدتے ہیں اور گیس بند ہونے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

ترجمان کریملن دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ صدی پرانے مغربی مالیاتی نظام کو بدلنے کا وقت آگیا ہے، پہلا نمونہ دے دیا، گیس ہی نہیں تمام برآمدات روبل میں کریں گے، ترجمان کے مطابق وہ وقت دور نہیں جب یوکرین امن معاہدے پر دستخط کرے گا اور یورپ کو بھی روس سے مذاکرات کرنا پڑیں گے۔