Friday, May 17, 2024

یوکرین میں روسی فوج کا ایکشن، کیف کے شمالی قصبے ایرپین میں بمباری سے چھ افراد ہلاک

یوکرین میں روسی فوج کا ایکشن، کیف کے شمالی قصبے ایرپین میں بمباری سے چھ افراد ہلاک
March 6, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - یوکرین میں روسی فوج کا پھر سے ایکشن دیکھنے میں آیا۔ کیف کے شمالی قصبے ایرپین اور مارخلیو میں شدید بمباری سے چھ افراد ہلاک ہو گئے۔

یوکرینی حکام کے مطابق ماریوپول اور وولونواخا سے شہریوں کے بڑے پیمانے پر انخلا کو روک دیا گیا۔

روسی فوج نے یوکرین میں جاری آپریشن کی مزید فوٹیجز جاری کر دیں جس میں یوکرینی فوج کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ روسی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن اپنے مقاصد حاصل کرے گا۔ ادھر یوکرینی فوج نے بھی روس کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

یوکرین کے مختلف شہریوں میں قابض فوج کے خلاف احتجاج جاری ہے جہاں لوگ بھرپور انداز میں مزاحمت کر رہے ہیں۔ یوکرین کی جانب سے روسی طیارہ گرانے کی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔

روسی صدر نے مغربی پابندیاں روس کے خلاف جنگ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے نو فلائی زون نافذ کرنے والے ملک کو جنگ میں شامل سمجھا جائے گا۔ پیوٹن نے ملک میں مارشل لا نافذ کرنے کا امکان مسترد کر دیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کیلئے ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے  ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم نے یوکرین کے صدر سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ پیوٹن کے ساتھ ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم جرمنی چلے گئے جہاں ان کی جرمن چانسلر کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی۔