Sunday, September 8, 2024

یوکرین میں کسی بھی مداخلت کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سے دینگے، روس کی نیٹو کو دھمکی

یوکرین میں کسی بھی مداخلت کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سے دینگے، روس کی نیٹو کو دھمکی
April 28, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - یوکرین کی جنگ کا دائرہ کار وسیع ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا، روس نے نیٹو کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے یوکرین میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی تو جواب ایٹمی ہتھیاروں سے دیا جاسکتا ہے۔ روس نے برطانیہ کے 287 ارکان پارلیمنٹ پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

یوکرین میں جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد جنگ کا دائرہ وسیع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ اگر جنگ بندی جلد نہ ہوئی توجنگ نیٹو ممالک تک پھیل سکتی ہے۔

روسی صدر نے نیٹو کو بڑی دھمکی دے دی، ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ نیٹو نے یوکرین میں مداخلت کی تو اسے بجلی کی سی تیزی کے ساتھ جواب دیا جائے گا، جو ایٹمی میزائلوں کی صورت میں بھی ہوسکتا ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ہم یوکرین کوبھاری ہتھیاروں کی فراہمی پر نظر رکھے ہو ئے ہیں، ہر کوئی جان لے ہم نے تمام فیصلے پہلے ہی کر لئے ہیں۔

روس نے ڈوما کے 386 ارکان پر پابندی کی منظوری دے دینے والے برطانیہ کے 287 ارکان پارلیمنٹ کے خلاف پابندیاں عائد کر دیں۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ روسوفوبک ہسٹیریا پھیلانے میں ملوث ہیں۔

دوسری طرف امریکا نے روس کی طرف سے ایٹمی جنگ کی دھمکی کو غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے، ترجمان پینٹا گون جان کربی کا کہنا ہے کہ روسی رہنماؤں کی بیان بازی غیرسنجیدہ ہے، ایٹمی جنگ ایسی چیز نہیں کہ ہر جگہ اس کی دھمکیاں دیں۔

ادھر یورپی یونین نے یوکرین کی معیشت کو سہارا دینے کیلئے درآمدات پر ٹیرف معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، پھلوں اور سبزیوں پرایک سال کیلئے ٹیرف معطل کیا جائے گا۔ یورپی یونین یوکرین کی اسٹیل مصنوعات کو بھی اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی سے استثنیٰ دے گا۔