Thursday, April 25, 2024

یوکرین کی تباہی آٹھویں روز میں داخل، روس کے شمال، مشرقی اور جنوبی شہروں پر فضائی حملے

یوکرین کی تباہی آٹھویں روز میں داخل، روس کے شمال، مشرقی اور جنوبی شہروں پر فضائی حملے
March 3, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - یوکرین کی تباہی آٹھویں روز میں داخل ہو گئی۔ روس کے شمال، مشرقی اور جنوبی شہروں پر فضائی حملے جاری ہیں۔

روس نے یوکرین کے ایک اور بڑے شہر خیرسون پر قبضہ کر لیا ہے ۔ خارکیو میں بھی شدید لڑائی جاری ہے ۔ روسی پیراٹروپرز شہر میں اتر گئے۔ دارالحکومت کیف پر شدید بمباری سے کئی گھر تباہ اور درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ روس کا 40 میل طویل فوجی قافلہ سست روی سے کیف کی طرف رواں دواں ہے ، 15 میل دور رہ گیا۔ یوکرینی حکام نے اب تک چھ ہزار روسی فوجی مارنے کا دعوی کر دیا۔ دو ہزار سے زائد یوکرینی ہلاک ہو گئے۔ روس کے مطابق اس کے پانچ سو فوجی ہلاک، سولہ سو زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر امریکا نے یوکرین کو سیکڑوں میزائل فراہم کر دئیے ۔ ترجمان پینٹاگون کے مطابق بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ ملتوی کر دیا گیا۔ کشیدہ حالات کی وجہ سے منٹ مین تھری بیلسٹک میزائل کا تجربہ ملتوی کیا۔

 دوسری طرف امریکا نے روس کی 22 دفاعی کمپنیوں  پر پابندیاں عائد کردیں  جبکہ یورپی  یونین  نے یورپی یونین نے بیلا روس کی 70 فیصد درآمدات پر پابندی لگا دی ۔ پابندیوں کی نئی فہرست میں بیلاروس کی مشینری کو نشانہ بنایا گیا ۔ یورپی یونین نے بیلاروس کی فوج کے 22 عہدیداروں پر بھی پابندیاں لگا دیں۔

چین نے روس  پر معاشی  پابندیوں  کی مخالفت کر دی۔ چینی بینکنگ ریگولیٹری کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ چین روس پر عائد معاشی پابندیوں کا حصہ نہیں بنے گا۔ روس پر یکطرفہ پابندیوں کی حمایت نہیں کرتے۔ پابندیوں سے چین کی معیشت زیادہ متاثر نہیں ہو گی۔ چین نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ یوکرین کے مسئلے کو سفارت کاری اور مذاکرات سے حل کیا جائے۔

یوکرین کی سرحد کے قریب  رومانیہ کا لڑاکا طیارہ غائب ہو گیا۔ روسی میڈیا کے مطابق  طیارے  کی تلاش میں جانے والا ایک جنگی ہیلی کاپٹر تباہ بھی ہو گیا۔

علاوہ ازیں بینکوں کے لین دین کے سسٹم سوئفٹ  سے سات روسی بینکوں کو نکال دیا گیا۔ امریکی اور یورپی کمپنیوں نے روس میں فروخت بند کر دی۔ کارساز کمپنیوں نے بھی روس میں گاڑیاں بیچنا بند کر دی ہیں۔ پابندیوں کے باعث روسی کرنسی روبل کی قیمت میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔