Friday, April 26, 2024

یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائل حملے، 14 افراد ہلاک، 97 زخمی

یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائل حملے، 14 افراد ہلاک، 97 زخمی
October 11, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائل حملوں میں 14افراد ہلاک جبکہ 97 زخمی ہوگئے، املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ روسی صدر کا کہنا ہے کہ یہ یوکرین کی طرف سے کریمیا پل پر حملے کا جواب ہے، مزید حملوں کیلئے بھی تیار رہے۔

روسی فوج کی یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائلوں کی بارش کردی، یوکرین دارالحکومت کیف سمیت 8 شہروں میں 80 سے زائد میزائل حملے کیے۔ روس نے کیف میں چوراہوں، پارکوں اور سیاحتی مقامات کو نشانہ بنایا۔ سرکاری تنصیبات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ حملوں سے آدھے سے زیادہ یوکرین تاریکی میں ڈوب گیا۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مزید حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میزائل حملے یوکرینی فوج کی کریمیا پل پر جارحیت کا جواب ہیں اور ایسا ردعمل آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

یوکرین کے صدر کا کہنا ہے کہ روس ہمارے شہریوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دوسری طرف بیلاروسی صدرنے اپنی فوج کو روسی افواج کے ساتھ یوکرینی سرحد پر تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔

امریکا نے یوکرین پر روسی میزائل حملوں کو ہولناک قرار دے دیا ۔۔۔امریکی صدر جوبائیڈن کہتے ہیں امریکا روسی میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جبکہ یوکرین کی فوجی مدد جاری رہے گی۔ امریکا اور اسکے اتحادی ماسکو پر مزید پابندیاں عائد کریں گے۔

ادھر، اقوام متحدہ نے بھی یوکرین پر روسی میزائل حملوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔