Wednesday, April 24, 2024

یوکرین کا روس کے زیر کنٹرول علاقے ڈونیٹسک میں میزائل حملہ، 20 شہری ہلاک

یوکرین کا روس کے زیر کنٹرول علاقے ڈونیٹسک میں میزائل حملہ، 20 شہری ہلاک
March 15, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - یوکرین کے روس کے زیر کنٹرول علاقے ڈونیٹسک میں میزائل حملے میں 20 شہری ہلاک ہوگئے۔ 

روس نے بھی یوکرین کی دفاعی صنعت کی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کردیا۔ روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین نے ٹوچکایو بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا، ڈونیٹسک میں میزائل حملے کا جواب دیں گے۔ دوسری جانب یوکرینی حکام نے الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ڈونیٹسک میں گرنے والا میزائل روس کا ہے۔

روس نے یوکرین کے ٹی وی ٹاور پر میزائل داغ دیئے، 9 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ گورنر وٹالی کوول کے مطابق لیو یو ملبے کے نیچے اب بھی لوگ دبے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کیف میں رہائشی عمارت پر میزائل حملے سے 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

ترجمان پینٹا گون کے مطابق روس یوکرین پر 900 سے زائد میزائل داغ چکا ہے، یوکرین میں روس کی پیش قدمی تعطل کا شکار ہے، یوکرینی حکام کے مطابق ماریوپل کو روسی افواج نے گھیر رکھا ہے، انخلا کا عمل متاثر ہوا ہے۔

ادھر اقوا م متحدہ نے یوکرین کےلئے مزید چار کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گتیریس کہتے ہیں امدادی رقم خوراک، پانی ادویات اور نقد امداد کے لیے استعمال ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین تنازع میں اضافہ پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہوگا، جوہری تنازع جو کبھی ناقابل تصور تھا، اب دوبارہ ممکن نظر آ رہا ہے، کہا کہ روس کی جانب سے اپنی جوہری فورسز کو ہائی الرٹ کرنا سنسنی خیز ہے۔