Friday, April 26, 2024

یوکرین جنگ تیسرے روز میں داخل، دارالحکومت کیف پر قبضے کی لڑائی شدت اختیار کر گئی

یوکرین جنگ تیسرے روز میں داخل، دارالحکومت کیف پر قبضے کی لڑائی شدت اختیار کر گئی
February 26, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو/ کیف (92 نیوز) یوکرین جنگ تیسرے روز میں داخل ہوگئی، جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔ دارالحکومت کیف پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کر گئی، شہر کے گلی کوچوں میں لڑائی جاری ہے۔ روس نے یوکرین کے اہم شہر ملیتوپول اور کیف ایئرپورٹ پر قبضہ کرلیا۔

فال آف کیف ہوگا یا نہیں؟ معرکہ فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوگیا۔ یوکرین پر مسلط روسی جنگ کو 3 روز ہوگئے، روسی فوج کی پیشقدمی جاری ہے۔ کروز اور بلیسٹک میزائلوں کا بے دریغ استعمال جاری ہے۔

دارالحکومت کیف پر قبضہ کیلئے جنگ جاری ہے، رہائشی عمارتوں پر حملے، گلی محلوں میں شدید لڑائی ہورہی ہے۔ روسی فوج نے یوکرین کی پارلیمنٹ کا بھی گھیراؤ کرلیا۔

روسی فوج نے آزاد علاقے کریمیا کے قریبی شہر ملیتوپول اور دارالحکومت کیف کے ایئرپورٹ اور ہائیڈورپاور پلانٹ پر قبضہ کرلیا۔

زمینی محاذ کے بعد پانیوں کا محاذ بھی گرم ہوگیا، بحیرہ اسود میں بھی روسی میزائل حملے کیے گئے، بحیرہ اسود میں تیل اور ڈیزل لے جانے والے بحری جہازوں پر روس نے میزائل حملے کئے ہیں۔

یوکرینی فوج کے مطابق بحرہ اسود میں اوڈیسا بندرگاہ کے قریب مالدوا، پاناما اور جاپان کے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ترک کارگو شپ بھی بحیرہ اسود میں پھنس گیا۔

یوکرین وزارت صحت کے مطابق روسی حملوں میں اب تک 198 یوکرینی شہری ہلاک ہوچکے ہیں جن 3 بچے بھی شامل ہیں جبکہ یوکرین کی فوج نے روس کا ٹرانسپورٹ طیارہ گرانے کا دعویٰ کردیا۔

اطلاعات کے مطابق طیارے میں 100 سے زائد چھاتہ بردار سوار تھے، یوکرین کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس نے روس کے 80 ٹینک، 17 ہیلی کاپٹر اور 519 بکتربند گاڑیاں بھی تباہ کردی ہیں۔

روسی فوج نے یوکرین کے شمال مشرقی اہم شہر سومی اوبلاسٹ کے زیادہ تر حصے پر قبضہ کرلیا، سومی شہر کے پٹرول پمپس بند کردئیے گئے، روسی فوج نے چیک پوسٹیں قائم کرلی ہیں۔

کیف سے ہزاروں افراد سڑک کے راستے پولینڈ اور رومانیہ نکل مکانی کرچکے ہیں۔ پولینڈ نے روسی حملوں سے اب تک 1 لاکھ سے زائد یوکرینی مہاجرین کو پناہ دی ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کے انفراسٹرکچر تباہ کرنے کے لئے کروز میزائل استعمال کئے گئے، یوکرین پر اب تک 821 حملے کئے گئے ہیں۔ حملوں میں یوکرین کے 14 ملٹری ائیرفیلڈز، 19 کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹرز، 24 ایس 300 اینڈ او ایس اے میزائل سسٹم اور 48 ریڈار اسٹیشنز تباہ کئے جا چکے ہیں۔