Saturday, April 20, 2024

یوکرین جنگ سے عالمی غذائی بحران کا خدشہ بڑھ گیا، اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا

یوکرین جنگ سے عالمی غذائی بحران کا خدشہ بڑھ گیا، اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا
June 19, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - اقوام متحدہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین جنگ سے عالمی غذائی بحران کا خدشہ بڑھ گیا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا کہنا ہے دنیا بھر میں 40 کروڑ افراد یوکرینی اناج پر انحصار کرتے ہیں۔ 41 ممالک میں 18 کروڑ سے زائد افراد کو   خوراک کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے خوراک وزراعت  کی  رپورٹ کے مطابق   20 ملین ٹن یوکراینی اناج بحیرہ اسود کی بندرگاہوں پر پڑا ہوا ہے۔ مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور  کچھ  ایشیائی ممالک   میں خوراک  کی قلت  سے  بھوک اور سیاسی عدم استحکام  کے مسائل   پیدا ہو رہے  ہیں۔

روس نے  عالمی برادری سے   اجناس  اور کھاد کی برآمدات  کے لئے  بینکنگ اور جہاز رانی کی صنعتوں پر   پابندیاں   ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے یوکرین   بحیرہ اسود میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہٹا لے تو برآمدات دوبارہ شروع ہو سکتی ہیں۔

روس اور یوکرین سے گندم، چاول اور مکئی کی ترسیل نہ ہونے سے صومالیہ، لیبیا، لبنان، مصر اور سوڈان   میں  بھوک اور قحط  کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ صومالیہ میں 20 لاکھ   سے زیادہ افراد  فاقہ کشی کا  شکار ہیں  ۔ تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ    سوڈانی    اور ایک کروڑ 90 لاکھ  یمنی  غذائی  قلت کا  شکار ہو سکتے ہیں۔