Friday, April 26, 2024

یوکرین جنگ میں پھر سے تیزی، روسی افواج نے ماریوپول، سومی شہر کا گھیراؤ کر لیا

یوکرین جنگ میں پھر سے تیزی، روسی افواج نے ماریوپول، سومی شہر کا گھیراؤ کر لیا
March 20, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - یوکرین جنگ میں پھر سے تیزی آ گئی۔ روسی افواج نے ماریوپول اور سومی شہر کا مکمل گھیراؤ کر لیا۔ دونوں شہروں کی گلیوں میں لڑائی جاری ہے۔

یوکرین کے ماریوپول شہر کے مرکزی علاقے کے گلی کوچوں میں شدید لڑائی جاری ہے ۔ خبر ایجنسی کے مطابق روسی فوج کو شہر میں شدید مزاحمت کا سامنا ہے ۔ روسی بمباری سے شہر کی 80 فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں ۔

روسی افواج دارالحکومت  کیف کو گھیرے میں لینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کیف کے ارد گرد بڑے علاقے یوکرینی افواج کے کنٹرول میں ہیں۔ روسی فوجی ابھی تک دریائے ارپن کو عبور کرنے میں ناکام ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق یوکرین سے 33 لاکھ لوگ ہجرت کر چکے ہیں جبکہ 1400 شہری ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔ 64 بچوں سمیت 850 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ یوکرین میں 65 لاکھ افراد بے خانماں ہو کر ملک میں محفوظ علاقوں میں جا چکے ہیں۔

یوکرینی صدر نے روس سے فوری طور پر نئے مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ یوکرینی صدر زیلنسکی کہتے ہیں وہ جنگ بندی کے لئے پیوٹن سے ملاقات کے لئے تیار ہیں۔ روس کی کئی نسلوں کو جنگ کے نتائج بھگتنا پڑیں گے ۔

ترکی نے یوکرین کو روسی ساختہ  ایس فور ہنڈرڈ میزائل ڈیفس سسٹم فراہم کرنے کا امریکی مطالبہ یہ کہہ کر مسترد دیا کہ اس سے روس ترکی تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔

چینی نائب وزیر خارجہ لیو چینگ کہتے ہیں یورپ دو عالمی جنگوں کے بعد دوبارہ آگ کی لپیٹ میں آگیا ۔ بین الاقوامی فورم سے خطاب میں کہا  چین ہمیشہ یوکرین بحران کے پرامن حل کا خواہاں  ہے۔