Friday, April 19, 2024

یوکرائنی وزیر اعظم کا 16 فروری کو یوم اتحاد کے طور پر منانے کا اعلان

یوکرائنی وزیر اعظم کا 16 فروری کو یوم اتحاد کے طور پر منانے کا اعلان
February 15, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) یوکرائنی وزیراعظم نے 16 فروری کو یوم اتحاد کے طور پر منانے کا اعلان کردیا۔

یوکرائنی صدر ولا دیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرائن پر 16 فروری کو روس کے ممکنہ حملے سے خبردار کیا جا رہا ہے۔ مغربی میڈیا میں ممکنہ روسی حملے کی خبریں آرہی ہیں، عوام عمارتوں پر پرچم لہرائیں اور قومی ترانہ گائیں، دوسری جانب یوکرائنی حکام پُر یقین ہیں کہ 16 فروری کو روس حملہ نہیں کرے گا۔

امریکا نے یوکرائن میں سفارت خانہ بند کر دیا

ادھر امریکا نے یوکرائن میں سفارت خانہ بند کر دیا، پینٹاگون نے ایک بار پھر روس کے یوکرائن پر روسی حملے کے حوالے سے خبر دار کردیا۔ پینٹا گون کے ترجمان جان کربی کہتے ہیں روس یوکرائن کی سرحد پر فوج میں اضافہ کررہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کی سفارتی عملہ کی مغربی یوکرائن منتقلی کی تصدیق

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سفارتی عملے کی یوکرائن کے مغرب میں منتقلی کی تصدیق کردی۔ انٹونی بلنکن نے کہا کہ روسی افواج تیزی کے ساتھ یوکرائن کی سرحد پر جمع ہو رہی ہیں۔ روسی حملے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے اپنے شہریوں کو فوری یوکرائن چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

روسی صدر پیوٹن کو امریکا اور نیٹو کے حوالے سے رپورٹ پیش

یوکرائن کی بدلتی صورتحال کے حوالے سے ماسکو میں اہم ملاقات ہوئی، روسی صدر کو امریکا اور نیٹو کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ روسی صدر نے وزیر دفاع کی سکیورٹی ضمانتوں سے متعلق رپورٹ قبول کر لی۔ پیوٹن نے سوال کیا کہ ماسکو کی سلامتی پر کسی سمجھوتے کا امکان ہے؟ اس پر روسی وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ مسئلے کے فوری حل کیلئے کسی لامتناہی بات چیت کی اجازت نہیں دے سکتے۔

برطانوی وزیراعظم کی روسی صدر کو جنگ سے روکنے کیلئے پھر وارننگ

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے روسی صدر پیوٹن کو جنگ سے روکنے کے لئے ایک بار پھر وارننگ دے دی، بورس جانسن کہتے ہیں پیوٹن کے لئے وقت ہے اب بھی پیچھے ہٹ جائیں۔ برطانوی وزیراعظم نے مزید کہا صورتحال انتہائی خطرناک ہوتی جا رہی ہے، بولے ہم جنگ اور امن کے دھارے پر کھڑے ہیں، برطانوی وزیر اعظم نے جنگ روکنے کے لئے مذاکرات میں شمولیت پر زور دیا ہے۔