Sunday, September 8, 2024

یوکرائن پر جنگ کے بادل نہ چھٹ سکے، امریکا کی فوجی امداد یوکرائن پہنچنا شروع

یوکرائن پر جنگ کے بادل نہ چھٹ سکے، امریکا کی فوجی امداد یوکرائن پہنچنا شروع
January 23, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) یوکرائن تنازع پر امریکا اورروس میں تناؤ برقرار ہے، امریکا نے فوجی امداد کی پہلی کھیپ یوکرائن پہنچا دی ہے جبکہ روسی صدارتی ترجمان نے یوکرائن کو اسلحہ کی فراہمی خطرناک قرار دے دیا ہے۔

یوکرائن پر جنگ کے بادل نہ چھٹ سکے، امریکی فوجی امداد یوکرائن پہنچنا شروع ہوگئے جبکہ روس اور نیٹو ممالک کے نمائندے مزید مذاکرات پر تیار ہوگئے ہیں۔

برطانیہ نے الزام لگایا ہے کہ روس یوکرائن میں روس نواز لیڈرلگانے کی کوشش کر رہا ہے،،اس حوالے سے متعدد سابق یوکرائنی رہنماؤں کے روسی انٹیلی جنس سے رابطوں کے ثبوت ملے ہیں، روس سابق ممبر پارلیمنٹ یوجن موریوو کو یوکرائن کا سربراہ بنانے کا سوچ رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے برطانیہ کے الزام کو مسترد کردیا، ترجمان کا کہنا تھا کہ برطانیہ ایسی فضول باتیں پھیلانے سے احتراز کرے، غلط اطلاعات کا پھیلانا نیٹو ممالک کی جانب سے یوکرائن کشیدگی کو بڑھانے کی طرف اشارہ ہے۔

ادھرامریکا کی فوجی امداد کی پہلی کھیپ یوکرائن پہنچ گئی، 200 ملین ڈالر کی فوجی امداد میں اسلحہ ودیگر سازو سامان شامل ہے۔ ایسٹونیا، لٹویا اور لیتھوانیا بھی یوکرائن کو امریکی ساختہ ٹینک شکن میزائل بھجوائیں گے۔ روسی صدارتی ترجمان نے یوکرائن کو اسلحہ کی فراہمی کو خطرناک قرار دے دیا۔

یوکرائن تنازع پر 25 جنوری کوپیرس میں مذاکرات ہوں گے، جس میں روس، یوکرائن، فرانس اور جرمنی حصہ لیں گے۔ پیوٹن انتظامیہ نے بھی مذاکرات کی تصدیق کردی ہے۔