Wednesday, May 1, 2024

یوکرائن میں امن کی امید پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی

یوکرائن میں امن کی امید پر تیل کی  بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی
February 15, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) یوکرائن میں امن کی امید پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 4.50 ڈالر کمی ہو گئی۔

روس یوکرائن تنازع پر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں سات سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ ستمبر 2014 میں تیل کی قیمتیں اس وقت  96.78 ڈالرفی بیرل کی  بلند ترین سطح پر  ریکارڈ کی گئی تھیں۔

روس یوکرائن جنگ کے سائے گہرے ہونے لگے تو آئے روز اضافہ ہونے لگا لیکن آج یوکرائن اور روس کے درمیان کشیدگی کم ہونےکی خبروں کے ساتھ ہی دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

امریکی خام تیل کی قیمت 4.50 ڈالر کمی کے بعد 90.96 ڈالر فی بیرل ہو گئی جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 4.17 ڈالر کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد اس کی قیمت 92.31 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ جی پی مورگن نے پیشگوئی کی ہے کہ تیل کی قیمتیں دوسرے کوارٹر میں 125 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہے کیونکہ اوپیک کو تیل کی پیدوار کے ماہانہ کوٹے کو پورا کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔