Saturday, May 4, 2024

یوکرائن کے محاذ پر روس کو امریکی اتحادی فرانس کی کمک مل گئی

یوکرائن کے محاذ پر روس کو امریکی اتحادی فرانس کی کمک مل گئی
February 7, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو/ پیرس (92 نیوز) یوکرائن کے محاذ پر روس کو امریکی اتحادی فرانس کی کمک مل گئی۔ فرانسیسی صدر نے روس کے سکیورٹی تحفظات کو جائز قرار دے دیا۔

فرانسیسی صدر میکرون نے کہا یوکرائن جنگ سے بچنے کے لئے معاہدہ ممکن ہے، روسی صدر پیوٹن کے ساتھ بات چیت کامقصد جنگ روکنا ہے۔ مزید بولے کہ دورہ ماسکو سے ایسے نئے توازن پر زور دیا جو یورپی ریاستوں کا تحفظ اور روس کے خدشات دور کرے گا۔

دوسری جانب روس روانگی سے قبل فرانسیسی صدر میکرون نے امریکی صدر سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

روس کسی وقت بھی یوکرائن پر حملہ کرسکتا ہے، مشیر امریکی قومی سلامتی

ادھر دوسری جانب امریکا نے دھمکیوں کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ یوکرائن کے معاملے پر مذاکرات کی باتیں بھی شروع کردیں۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے انٹرویو میں کہا روس کسی وقت بھی یوکرائن پر حملہ کرسکتا ہے، حملہ کل بھی ہو سکتا ہے یا اس میں کچھ ہفتے لگ سکتے ہیں، پیوٹن نے اپنی فوج کو جنگی پوزیشن پر ڈال دیا ہے۔

امریکی مشیر مزید بولے پولینڈ میں فوج کو روس کے ساتھ جنگ کے لئے نہیں بھیجا بلکہ اتحادیوں کی حفاظت کے لئے تعینات کیا ہے۔ روس کے ساتھ ٹھوس بات چیت کے لئے تیار ہیں، جنگ ہوئی تو یوکرائن کے باشندوں کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ روس جو بھی فیصلہ کرے امریکا جواب دینے کے لئے تیار ہے۔