Sunday, May 5, 2024

یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ذمے دو ارب ڈالرز قرض کی ادائیگی مؤخر کردی

یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ذمے دو ارب ڈالرز قرض کی ادائیگی مؤخر کردی
January 12, 2023 ویب ڈیسک

ابوظہبی (92 نیوز) - وزیراعظم شہبازشریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے سے ملاقات کی۔

یو اے ای کے صدر نے پاکستان کے ذمے دو ارب ڈالرز قرض کی ادائیگی مؤخر کردی، ایک ارب ڈالر اضافی قرض دینے کا بھی اعلان کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات میں مسلسل پیشرفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کی۔

شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف کا ابوظہبی میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گرانقدر تعاون کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے برادر ملک میں مدعو کرنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا. دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر  شیخ محمد بن زید کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی۔