Thursday, April 25, 2024

یکم محرم اسلامی سال کا آغاز اور مراد رسول ﷺ حضرت عمرفاروقؓ کا یوم شہادت ہے

یکم محرم اسلامی سال کا آغاز اور مراد رسول ﷺ حضرت عمرفاروقؓ کا یوم شہادت ہے
July 31, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - یکم محرم اسلامی سال کا آغاز اور خلیفہ دوم، مراد رسول حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت ہے۔

یکم محرم اسلامی سال کا آغاز اور خلیفہ دوم حضر ت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت ہے، حضرت عمر بن خطاب ؓ ایک عظیم فاتح، بہترین حکمران، عادل، اعلیٰ ترین منظم، جدید ترین ریاست کے تخلیق کار، عوام کے خادم اداروں کی داغ بیل ڈالنے والے ہیں۔

حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قبول اسلام حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا کا نتیجہ تھا، قبول اسلام کے بعد آپ نے اعلانیہ نماز کا اعلان کیا اور کہا کوئی ہے جس نے بچوں کو یتیم کرانا ہو، بیوی کو بیوہ کرانا ہو، ماں باپ کی کمر جھکانا ہو، عمر نے محمد رسول اللہ ﷺ کی غلامی قبول کرلی ہے۔

حضرت عمرفاروق ؓ نے تمام غزوات میں حصہ لیا، آپؓ کے دورِخلافت میں اسلامی سلطنت 22 لاکھ مربع میل تک پھیلی، حضرت عمرؓ کے دور میں اپنے عہد کی دونوں سپر پاروز ایران اور روم کو مسلمانوں کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

اپنے دور خلافت میں عمر فاروق ؓ بیت المقدس کی فتح کے بعد خود وہاں تشریف لے گئے، آپ کے دور میں عراق، شام، دمشق، حمس،آذر بائیجان، مصر سمیت درجنوں علاقوں میں اسلام کا پرچم سربلند کیا گیا۔

فوج، پولیس، ڈاک، بیت المال، محاصل، جیل، زراعت، آبپاشی اور تعلیم کے محکموں کا قیام حضرت عمرؓ کے دور میں ہوا، تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کی تنخواہیں مقرر کی گئیں، آپ کو سب سے پہلے امیر المومنین کہہ کر پکارا گیا۔

ستائیس ذی الحجہ کو ایرانی مجوسی نے نمازِ فجر کے دوران حضرت عمررضی اللہ عنہ کو چھپ کر خنجر مار کر زخمی کر دیا،یکم محرم الحرام 23 ہجری کو امام العدل اور مراد رسول شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے اور نبی کریم ﷺ کے پہلو مبارک میں ابدی نیند جاسوئے۔