Tuesday, April 23, 2024

یہ سارے حقائق وہی ہیں جو لندن کی عدالت میں پیش کئے گئے، شہباز شریف

یہ سارے حقائق وہی ہیں جو لندن کی عدالت میں پیش کئے گئے، شہباز شریف
February 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کا کہنا ہے یہ سارے حقائق وہی ہیں جو لندن کی عدالت میں پیش کئے گئے۔

 لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر فیملی ممبران کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے کیس پر سماعت کی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کروائی۔ دوران سماعت شہباز شریف روسٹرم پر آئے تو ان کا کہنا تھا پونے دو سال سے میرے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ سارے ادارے ملکر الٹے ہو گئے لیکن میرے خلاف کچھ نہیں نکال سکے۔ قبر میں بھی چلا جاؤں تو حقائق کبھی بھی نہیں بدلیں گے۔

 انہوں نے کہا حکومت میرے  اکاؤنٹ فریز کراتی رہی۔ ایک دھیلے کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔ مجھے نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا، یہ سارے ثبوت وہی ہیں جو لندن کی عدالت میں پیش کئے گئے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔