Saturday, May 18, 2024

یہ وقت ہے کہ سب کو اختلافات بھلا کر امن کیلئے حصہ ڈالنا ہوگا، چیف جسٹس

یہ وقت ہے کہ سب کو اختلافات بھلا کر امن کیلئے حصہ ڈالنا ہوگا، چیف جسٹس
March 20, 2023 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ یہ وقت ہے کہ سب کو اختلافات بھلا کر امن کیلئے حصہ ڈالنا ہوگا جبکہ ملکی حالات ہمارے سامنے ہیں۔

کوئٹہ میں خطاب میں بولے قوموں کی تقدیر عدالتی فیصلوں سے نہیں، قیادت سے ہوتی ہے، ملک میں قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، ماتحت عدالتوں میں بدتمیزی اور بدنظمی نظر آتی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ قانون و عدالت کی عزت نہیں ہوگی تو افراتفری کی صورتحال ہوگی، ہمارے لئے ضروری ہے کہ آئین کے تحت اداروں کا تحفظ کریں، فیصلے قانون اور آئین کے مطابق ہوں گے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل نے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی وئٹہ  رجسٹری کی نو تعمیر شدہ عمارت میں آمد پر اُن کا استقبال کیا۔ چیف جسٹس اور جسٹس جمال خان مندوخیل کو پولیس کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے بلڈنگ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ بعد میں انہوں نے کوئٹہ رجسٹری کی نو تعمیر شدہ عمارت میں کیسوں کی باقاعدہ سماعت کی۔