Saturday, July 27, 2024

وزیراعظم عمران خان کا سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کا سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ
March 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ 

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں سیاسی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزراء سمیت پی ٹی آئی اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک شرکاء کی اکثریت سندھ میں گورنر راج کی مخالف نکلی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان سے متعلق وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کی گئی۔ منحرف ارکان کے خلاف کارروائی پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے بابر اعوان، عامر کیانی کو ٹاسک سونپ دیا۔

وزیر داخلہ نے گورنر راج کی سمری پیش کی تو شیخ رشید سمیت دو وفاقی وزرا نے گورنر راج کی حمایت کی جبکہ وفاقی وزیر خسروبختار اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اکثریت نے موقف اپنایا کہ گورنر راج سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں جس پر وزیراعظم نے گورنر راج کے معاملے پر مزید غور کی ہدایت کر دی۔

سیاسی کمیٹی نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا، اکثریتی ارکان اور وزیر اعظم نے گورنر راج کی مخالفت کی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ مائنس عمران خان چاہتے ہیں ان کی کوششوں کو ناکام کریں گے۔ ایسے اقدامات کریں گے ہارس ٹریڈنگ کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے۔ کہا کہ 27 مارچ کو قوم تبدیلی دیکھے گی۔

وزیر اعظم نے کہا ہم کوئی غیر اخلاقی کام نہیں کریں گے۔ کہا تمام تر حکومتی وسائل ہونے کے باوجود کسی قسم کی خریدوفروخت میں شامل نہیں ہونگے۔ ہم حق سچ کی جنگ لڑ رہے ہیں اللہ مددگار ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گورنر راج سے متعلق سمری پیش کی لیکن فیصلہ نہ ہوسکا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سندھ میں گورنرراج لگانے کے حق میں نہیں ہیں۔ آج 90 کی سیاست کو دہرایا جا رہا ہے۔ سندھ ہاؤس میں جو کچھ ہورہا ہے وہ میثاق جمہوریت کے خلاف ہے۔ اس طرح کی سیاست کوروکنے کے لئے میثاق جمہوریت لایا گیا تھا۔