لاہور (92 نیوز) - وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے یہ حالات کو خراب کرنا چاہتے ہیں، ہوش سے کام لیں۔
زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں، عمران خان نے کل پوری قوم کے سامنے سنجیدہ آفر کیں۔
شاہ محمود نے وکلاء سے مشورے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دینے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوشش ہوئی تو پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔ ملک میں فسطائی حکومت ہے، یہ کسی طریقے سے انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں۔ کارکنان پُرامن رہیں اور قیادت کے ہدایات پرعمل کریں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ آئین کو ڈبونے کی کوشش ہورہی ہے، ایسی حرکتیں کرکے امن وامان کا مسئلہ بنانا چاہتے ہیں۔ چند منٹ میں عمران خان کی حفاظت کیلئے بڑی تعداد میں کارکن نکلے ہیں، پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی لیڈر کیلئے عوام اس طرح باہر نکلے ہیں۔
رہنماء پی ٹی آئی حماد اظہر نے کہا کہ یہ لاشیں گرانا چاہتے ہیں، آپ نے امن و امان برقرار رکھنا ہے، کوئی ایسا قدم مت اٹھانا جو صورت حال کی خرابی کا باعث بنے۔
پی ٹی آئی رہنماء شہباز گل نے کہا کہ جیلیں ہمارے لیے نئی نہیں ہے، جیلیں اور تشدد ہر چیز ہم دیکھ چکے ہیں، اس کے باوجود ہم کھڑے ہیں، ہمارا سپورٹر اور ووٹر کھڑا ہے، کارکنان قانون پر عمل داری کریں، عمران خان کی ہرہدایت کو ماننا ہے، عمران خان کو قوم پر فخر ہے، پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا واحد مقصد افراتفری پھیلا کر الیکشن کو ملتوی کرنا ہے، امن وامان کی صورتحال کو خراب کرکے الیکشن نہ کرانے کا جواز تلاش کرنا ہے۔ اس سارے پراپیگنڈا کا مقصد الیکشن سے فرار ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بولے یہ ایمرجنسی لگانے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، اگر رانا ثناء عمران خان کو گرفتار کریں گے تو پھر اپنا بندوبست بھی کرلیں، عمران خان نے کل سیاسی پختگی کا ثبوت دیا، قوم کا ایک ہی نعرہ ہے الیکشن کراؤ ملک بچاؤ۔