Friday, April 19, 2024

عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی 90 روز کی خصوصی سزا معافی

عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی 90 روز کی خصوصی سزا معافی
April 30, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزارت داخلہ نے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی 90 روز کی خصوصی سزا معافی سے متعلق صوبوں کو مراسلہ جاری کردیا۔

وزارت داخلہ نے خط پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو تحریر کیا۔ صدر پاکستان کے اختیارات آرٹیکل 45 کے تحت ملک بھر کی جیلوں کے قیدیوں کو 90 روز تک کی سزا معافی دی جائے۔

90 روز کی سزا معافی کی پالیسی کا اطلاق عمر قید کے ملزمان، سزا کا ایک تہائی حصہ مکمل کرنے والے 65 سال سے زائد مرد اور 60 سال سے زائد خاتون قیدیوں پر بھی پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ ایک تہائی سزا مکمل کرنے والے 18 سال سے کم عمر ملزمان پر بھی سزا معافی کا اطلاق ہوگا۔

ملک سے غداری، ریاست مخالف اقدامات، فرقہ واریت کے ملزمان پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ مالی فراڈ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے مختلف جرائم میں قید ملزمان پر پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

وزارت داخلہ نے فوری طور پر سزا معافی کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔