Monday, May 6, 2024

ورلڈ بینک نے پاکستان کی درخواست پر عالمی ثالثی عدالت قائم کرکے غیرجانبدار ماہرین کی تقرری کردی

ورلڈ بینک نے پاکستان کی درخواست پر عالمی ثالثی عدالت قائم کرکے غیرجانبدار ماہرین کی تقرری کردی
November 11, 2016
اسلام آباد(92نیوز)عالمی بینک نے سندھ طاس معاہدے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیش کش کردی، ورلڈ بینک نے پاکستان کی درخواست پرعالمی ثالثی عدالت قائم کرکےغیر جانبدار ماہرین کی تقرری بھی کردی ہے۔ مودی سرکاری عالمی بینک کے اس اعلان پر تلملا اٹھی ہے۔ تفصیلات کےمطابق ورلڈ بینک نے بھارت کی طرف سے کشن گنگا ڈیم اورراٹل ڈیم کی تعمیر پر پاکستان کے اعتراض کوکسی حد تک تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے ورلڈ بینک نے پاکستان کی شکایت پر عالمی ثالثی عدالت قائم کرتے ہوئے دونوں ممالک کو تین غیر جانبدار ماہرین کے نام تجویز کردیے  ہیں۔ تاہم عالمی بینک نے پاکستان اور بھارت سے درخواست کی ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے پرعالمی ثالثی عدالت میں نہ جائیں تو بہتر ہوگا، عالمی بینک دونوں ممالک کو ڈیمز کی تعمیر پرثالثی فراہم کرسکتا ہے۔ پاکستان اوربھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت ڈیمز کی تعمیر کا حل نکالیں پاکستان نے کشن گنگا ڈیم اور راٹل ڈیم کی تعمیر پر اعتراض کررکھا ہے اس سلسلے میں عالمی ثالثی عدالت میں ججز کے تقرر کے لیے ورلڈ بینک ہیڈ کوارٹر واشنگٹن میں اجلاس ہوا ہے۔ جس میں دونوں ممالک کی جانب سے دائر کردہ درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی ثالثی عدالت کے ججز کا تقرر کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان ،بھارت کے درمیان 1960ء میں ہونے والے آبی معاہدے کے تحت اختلافات اور تنازعات کے حل کے عمل میں عالمی بینک کا ایک مخصوص کردار ہے۔ ادھر مودی سرکار ورلڈ بینک کے اس اعلان پر تل ملا اٹھی ہے۔ بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ کا کہنا ہے کہ عالمی بینک نے بیک وقت دو متوازی نظام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،لیکن بھارت ایسی کسی کارروائی میں فریق نہیں بنے گا، جو سندھ طاس معاہدے کے مطابق نہ ہو۔