Saturday, April 20, 2024

آئندہ پاکستانی اداکاروں کیساتھ کام نہیں کرینگے : بھارتی فلم ڈائریکٹرز

آئندہ پاکستانی اداکاروں کیساتھ کام نہیں کرینگے : بھارتی فلم ڈائریکٹرز
October 22, 2016
ممبئی (ویب ڈیسک) پاکستانی سپرسٹار فواد خان کی اداکاری کے سب سے بڑے معترف بھارتی فلمسازوں نے بھی انتہاپسندوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے اور فواد خان سمیت آئندہ کسی بھی پاکستانی اداکار کو کاسٹ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فواد خان کی بھارتی فلم ”اے دل ہے مشکل“ کی مشکل تو شاید حل ہوجائے لیکن فواد خان کےلئے بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کے سب سے قریب سمجھے جانے و الے ڈائریکٹر کرن جوہر اور پروڈیوسر مکیش بھٹ نے ان سمیت کسی بھی پاکستانی اداکار کو کاسٹ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے فواد خان کی فلم ”اے دل ہے مشکل“ کی ریلیز روکنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات کے بعد کرن جوہر اور مکیش بھٹ مختلف حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ مہا راشٹرا کے وزیراعلیٰ سے ہونے والی حالیہ ملاقات میں دونوں نے وعدہ کیا کہ حکومت اس فلم کی ریلیز یقینی بنائے لیکن آئندہ وہ کسی بھی پاکستانی کو فلم میں جگہ نہیں دیں گے۔ بھارتی انتہا پسندوں کی دھمکیوں اور تنقید سے تنگ آ کر ان فلمسازوں کا یہ اعلان واضح کرتا ہے کہ بھارت کس طرح ہندو انتہا پسندوں کے نرغے میں ہے اور ان انتہا پسندوں کو ریاست کی بھی بھر پور حمایت حاصل ہے۔