Saturday, April 20, 2024

جیت گیا تو بھارت کو وائٹ ہاﺅس میں سچا دوست ملے گا : ٹرمپ

جیت گیا تو بھارت کو وائٹ ہاﺅس میں سچا دوست ملے گا : ٹرمپ
October 16, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا پینترا۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کے بعد اب ہندووں کی ہمدردیاں سمیٹنے میں مصروف ہیں۔ ٹرمپ کا کہناہے کہ اگر وہ کامیاب ہوگئے تو بھارت کو ان کی صورت میں وائٹ ہاوس میں ایک سچا دوست ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھانا شروع کر دیں۔ ٹرمپ نے بھارتی نژاد امریکیوں کے ووٹ بینک پر نظریں جما لیں۔ ۔ ری پبلکن امیدوار نے نیوجرسی میں بھارتی امریکیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی الیکشن میں ان کی کامیابی کے بعد امریکہ اور بھارت پہلے سے بہتر ین دوست ثابت ہوں گے۔ ٹرمپ نے نریندر مودی کی چاپلوسی کرتے ہوئے کہا کہ مودی بھارت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیے ہوئے ہیں اور معاشی اصلاحات کی سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایسے ہی اقدامات کی امریکہ کو بھی ضرورت ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی بڑی پارٹی کے صدارتی امیدوار نے ہندو کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی ہے۔ ٹرمپ نے ہندووں اور بھارت کا بڑا پرستار ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔ موصوف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارتی کردار کے قصیدے بھی پڑھے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ صدر بنے تو امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت کے شانہ بشانہ ہو گا اور بھارت سے فوجی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ اس موقع پر ری پبلکن ہندو اتحاد کے سربراہ نے امریکی ہندو کمیونٹی سے اپیل کی وہ ٹرمپ کو ووٹ دیں۔