Friday, March 29, 2024

وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کی 3 روزہ دورے پر چین روانگی

وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کی 3 روزہ دورے پر چین روانگی
March 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لیے چین روانہ ہو گئے۔

پڑوسی ممالک کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود اپنے تین روزہ دورے کے دوران شریک ممالک کے ہم منصبوں سے بات چیت کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی، اپنے روسی اور ایرانی ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ چین، پاکستان کے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال ستمبر میں پڑوسی ممالک کا فارمیٹ شروع کیا تھا، جس کا مقصد افغانستان کی صورتحال پر علاقائی نقطہ نظر کو تیار کرنا ہے۔